Ticker

6/recent/ticker-posts

Thank you very much VC Islamia University Professor Dr. Athar Mehboob

بصد شکریہ وی سی اسلامیہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب

تحریر یوسف تھہیم

محترم قارئین کرام! میں ایک عام سا لکھاری ہوں اور میرا تعلق ضلع بہاولپور کی تحصیل حاصل پور سے ہے حاصل پور مجھے اپنی جان سے بھی پیارا ہے کیونکہ مجھے اپنے شہر کے عوام سے ہمیشہ بے پناہ پیار ملا ہے اہلیان حاصل پور کی محبتیں میرے اوپر قرض ہیں تقریبا دو سال قبل میری ملاقات وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب سے ہوئی انہوں نے پہلی ملاقات میں بے حد پیار دیا اور جامعہ اسلامیہ کی بہتری کے لئے انتہائی سنجیدہ دکھائی دئیے ملاقات کے شروع اور آخر میں جامعہ اسلامیہ کی بہتری کے لئے میٹنگز پر میٹنگز جاری رکھے ہوئے تھے حیرت بھی ہوئی اور تعجب بھی کیونکہ ایسا وائس چانسلر جو اس قدر سنجیدہ ہو پہلے نہ دیکھا نہ سنا تھا خیر ملاقات کے بعد "بہاولپور اسلامیہ یونیورسٹی تک کا سفر" کے عنوان سے کالم لکھا ,ڈاکٹر صاحب نے "روزنامہ پاکستان" میں شائع ہونے والا وہ کالم مجھے شیئر کیا تو حیرانگی مزید بڑھ گئی ڈاکٹر اطہر محبوب صاحب نہ صرف جامعہ کے حوالے سے بہت سنجیدہ ہیں بلکہ ان کی تمام نیشنل و انٹر نیشنل میڈیا تک ہر چیز پر گہری نظر ہے اور وہ اردو ادب سے وابستہ افراد پر گہری نظررکھے ہوئے ہیں جب میں چوتھی مرتبہ 2021ء میں مرکزی پریس کلب کا صدر بنا تو میں نے ڈاکٹر صاحب کو بطور " مہمان خصوصی" تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کی اور لاکھ مخالفت کے باوجود انہوں نے مجھے عزت بخشی بطور وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی انکا تقریب حلف برداری میں شرکت کرنا اور صحافیوں سے انکے منصب کا حلف لینا یقینا اعزاز کی بات تھی کیونکہ عہدے اور تعلیم کے حوالے سے وی سی ڈویژن میں سب سے زیادہ پڑھا۔ لکھا اور رتبے والا عہدہ ہوتا ہے

یہ بھی پڑھیں : خواب میں پیغمبر دیکھنے کی تعبیر

میں نے بطور صدر اپنے صدارتی خطاب میں وائس چانسلر ڈاکٹر پروفیسر اطہر محبوب سے حاصل پور کے طلباء و طالبات کے لئے سب کیمپس کا قیام اور فوری طور پر بس سروس کے آغاز کا مطالبہ کیا ۔ ڈاکٹر اطہر محبوب نے میرے مطالبے پر بس سروس کا وعدہ کیا وقت گزرتا چلا گیا 2022ء کے آغاز میں وائس چانسلر ڈاکٹر اطہر محبوب ایک مرتبہ دوبارہ میری دعوت پر پریس کلب حاصل پور تشریف لائے یہ بھی میرے لئے اعزاز کی بات تھی کیونکہ اس سے قبل کبھی کسی وی سی نے حاصل پور پریس کلب کا دورہ نہیں کیا وہاں پر بھی وائس چانسلر ڈاکٹر اطہر محبوب کو انکا وعدہ یاد دلایا جو انہوں نے جلد پورا کرنے کی یقین دہانی کروائی میرا ڈاکٹر اطہر محبوب سے بہت پیارا محبت کا رشتہ ہے یقینا وہ ایک محنتی اور ہواؤں کا رخ بدلنے والے انسان ہیں جس کی تازہ مثال یہ ہے کہ جامعہ اسلامیہ ٹاپ یونیورسٹیز میں شمار کی جاتی ہے دن رات ترقیاتی کاموں کے جال بچھائے جارہے ہیں، 100 سے زائد شعبہ جات بہترین تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور جدید تحقیق پر کام جاری ہے ڈاکٹر اطہر محبوب عمر کے اس حصے میں اتنے متحرک ہیں کہ دن ہو یا رات فوری رسپانس کرنا انکا خاصہ ہے
گذشتہ روز ہیڈ راجکاں سے بس سروس کے آغاز پر وی سی کی افتتاحی تقریب میں ایک تصویر پر میری نظر پڑی تو مجھے جھٹکا لگا اور ایسا محسوس ہوا شاید وی سی صاحب ہمیں "ٹال مٹول" دیتے ہیں ہم کونسا کوئی سیاستدان یا بڑے خاص لکھاری ہیں دل افسردہ بھی ہوا خیر غمگین ہو کر انکو مسیج کردیا جسکے الفاظ یہ تھے " ڈاکٹر صاحب اہلیان حاصل پور بس سروس میں سب سے پیچھے رہ گئے اور ہم سے وعدے سب سے پہلے کئے گئے , عوام کوستے ہیں اب "  کچھ ہی دیر گزری تو یکے بعد دیگرے ڈاکٹر اطہر محبوب کی طرف سے چھ سات مسیجز موصول ہوئے جن میں خوشخبری سنائی گئی چیف ٹرانسپورٹ آفیسر نے وضاحت طلب کرنے پر انہیں بتایا ہے کہ ہم تیار ہیں اور منگل سے ان شاء اللہ حاصل پور سے بس سروس کا آغاز کیا جارہا ہے . میرے لئے یہ خبر سب سے زیادہ خوشی کی تھی کیونکہ ہمارے خوابوں اور کوششوں کا ثمر عوام کو ملنے جارہا ہے ہمارے بچے آسانی سے تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوں گے کیونکہ بچوں کو حصول تعلیم کے لئے چکوک سے بہاولپور تک 140 کلومیٹر کا سفر کرنا پڑتا ہے اور حالیہ مہنگائی کے طوفان , پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کرایوں میں اضافے سے عوام کی کمر ٹوٹ چکی ہے مہنگائی کے طوفان میں حاصل پور سے بس سروس کا آغاز طلباء و طالبات کے لئے ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا وائس چانسلر ڈاکٹر اطہر محبوب کے تقریبا تین سالوں میں جامعہ اسلامیہ جتنی ترقی کی منازل طے کررہی ہے انکے بعد شاید اگلی تین دہائیوں تک اتنی ترقی ممکن نہ ہو . ڈاکٹر صاحب جتنے جامعہ اسلامیہ کے لئے متحرک اور کوشاں ہیں شاید پنجاب کی کسی جامعہ کا وی سی اس قدر لگن سے کوشاں ہو میں پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کے نمایاں کاموں, کوششوں اور خدمات کا معترف ہوں اور حاصل پور بس سروس کے آغاز پر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کا بصد شکریہ ادا کرتا ہوں

یہ بھی پڑھیں : تحریک انصاف خان پور میں دراڑیں اور نئی دھڑے بندی

Post a Comment

0 Comments

click Here

Recent