رحیم یارخان(محمدخرم لغاری)حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع رحیم یار خان میں نمبردار کنونشن منعقد ہوا جس میں تحصیل رحیم یار خان کے نمبرداران نے شرکت کی۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر علی شہزاد تھے۔کنونشن میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، اسسٹنٹ کمشنر چوہدری اعتزاز انجم بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ حکومت پنجاب نمبرداری نظام کو فعال بنانے کےلئے اقدامات کر رہی ہے جس کے تحت نمبرداروں کو اہم ذمہ داریاں سونپی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ سابقہ کچھ ادوار سے نمبرداروں کو غیر فعال کر دیا گیا تھا جس کے باعث حکومتی اہداف کے حصول میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی وقت کی ضرورت ہے مگر وہ کسی صورت انسان کا نعم البدل نہیں ہو سکتی اور نہ ہی ٹیکنالوجی پر مکمل انحصار کرکے افرادی قوت کو نظر انداز کیا جا سکتا ہے یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت نے نمبرداروں کے مسائل حل اور انہیں فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ نظام کو فعال کرکے نمبرداروں کو اہم حکومتی اقدامات میں پارٹنر بنایا جا سکے اور وہ سرکاری واجبات کی وصولی سمیت اہم انتظامی و عوامی مسائل کے حل میں اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ نمبرداروں سے موثر رابطہ استوار کیا جائے گا جس کے لئے تحصیل سطح پر اسسٹنٹ کمشنرزنمبرداروں سے رابطہ میں رہیں گے اس کے لئے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں کے نمبرداران کا واٹس ایپ گروپ بنائیں گے جبکہ ضلعی سطح پر بھی واٹس ایپ گروپ بنایا جائے گا جس میں تمام تحصیلوں کے نمبرداران کے نمائندگان کو شامل کیا جائے گا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے کہا کہ اس کنونشن کا بنیادی مقصد نمبرداران کو حکومتی اقدامات سے آگاہ کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نمبرداران اپنے مسائل اور تجاویز متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر تک پہنچائیں۔اسسٹنٹ کمشنر چوہدری اعتزاز انجم نے کہا کہ نمبردار حکومت کا فیلڈ میں سب سے اہم نمائندہ ہے اور موجودہ حکومت نے نمبردارا ن کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔نمبرداران کی نمائندگی کرتے ہوئے چک100پی کے نمبرداراشفاق احمد نے کہاکہ نمبرداروں کو فعال کرنے کا حکومتی فیصلہ خوش آئندہ ہے ، دور حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نمبرداری نظام فعال کیا جائے اور نمبرداروں کو درپیش مسائل کا خاتمہ کیا جائے جس کے لئے یہ کنونشن سنگ میل ثابت ہو گا۔