رحیم یارخان(محمدخرم لغاری
)ترجمان شیخ زید میڈیکل کالج و ہسپتال ڈاکٹر الیاس احمد نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز اور وکلاء انسانی خدمت سے آراستہ مہذب پیشہ سے منسلک ہیں۔ ضلع رحیم یار خان میں وکلاء اور ڈاکٹرز کے درمیان مثالی اتحاد و یگانگت کی فضا برقرار ہے اور دونوں شعبوں سے منسلک افراد کے مابین باہمی احترام کا رشتہ موجود ہے جسے کوئی بھی معمولی سے غلط فہمی نقصان نہیں پہنچا سکتی ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز ڈاکٹرز اور وکلاء کے درمیان ایک چھوٹی سی غلط فہمی پیدا ہوئی تھی جسے ہمیشہ کی طرح باہمی مشاورت اور خوش اسلوبی سے حل کر لیا گیا اور دونوں شعبوں سے منسلک ذمہ داران نے اس غلط فہمی کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کیا تاہم ایک قومی اخبار کی جانب سے وکلاء اور ڈاکٹرز کے درمیان ہونے والی غلط فہمی کو غیر شائستہ انداز میں بیان کیا گیا ہے جس سے دونوں شعبوں سے منسلک افراد کی دل آزادی ہوئی ہے اور شیخ زید ہسپتال کے ڈاکٹرز اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور وکلاء کے درمیان کوئی تنازع نہیں ہے اور دونوں شعبوں سے منسلک افراد کسی صورت آپسی اختلاف کےلئے کی جانے والی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور اداروں کی نیک نامی کےلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔