Ticker

6/recent/ticker-posts

جدیددورکی بنیادی سہولیات کی فراہمی اہلیان تھل کاحق ہے،ملک امجدرضاگجر

The people of Thal have the right to provide basic services of modern times, said Malik Amjad Raza Gujjar 

تھل ڈویلپمنٹ فورم پی پی چوراسی کے چیف آرگنائزر ایڈوکیٹ ملک امجد رضا گجر نے میڈیا سے خصوصی ٹیلی فون گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جدید دور کی بنیادی سہولیات کی فراہمی اہلیان تھل  کا حق ہے ۔انشاءاللہ اس کے حصول کے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کرنے میں ہرگز کوئی کسر اٹھا نہیں رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ اہلیان علاقہ تھل کو اس وقت کئی ایک مسائل کا سامنا ہے جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے لیکن ان میں بعض ایسے اہم مسائل بھی ہیں جن کے فوری حل اشد ضروری ہے۔ایڈووکیٹ ملک امجد رضا گجر نے کہا کہ تحصیل ہیڈکوارٹرنورپورتھل میں بجلی وولٹیج کی کمی کی وجہ سے شہری زبردست پریشان کن صورتحال سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نورپورتھل کو تحصیل کا درجہ ملے طویل عرصہ بیت چکا ہے مگر تاحال یہاں کےبجلی سے متعلقہ مسائل حل نہیں ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ موسمی تغیر و تبدل کے ساتھ اکثر اوقات یہاں کے صارفین کو صبر آزما لمحات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔خصوصا" موسم گرما میں وولیٹیج کی کمی وجہ سے شہری الیکٹرونکس کی اشیاء استعمال کرنے سے قاصر رہتے ہیں اس کے نتیجے میں ان کی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے۔ چیف آرگنائزر تھل ڈویلپمنٹ فورم  نے کہا انشاءاللہ اس سلسلہ میں ہم اپنی آواز اعلی حکام تک پہنچائیں گے تاکہ اس دیرینہ مسئلہ کا حل مستقل بنیادوں پر ہو سکے۔ ملک امجد رضا گجر نے کہا کہ مجھے عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں شب وروز پورے علاقہ میں آنے جانے کا اتفاق ہوتا رہتا ہے کیونکہ عوام کے دکھ سکھ ہمارے سانجھے ہیں۔ میرا دل اہلیان تھل کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ اس سفر کےدوران میں نے دیکھا ہے کہ متعدد علاقوں اور مواضعات میں سڑکیں  ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو سفری مسائل کا بھی سامنا ہے
انہوں نے کہا کہ پسماندہ اور دور افتادہ مواضعات میں ابھی تک مطلوبہ سہولیات فراہم نہیں کی جاسکیں اس کی وجہ سے لوگوں کو علاج معالجے کے لیے دور دراز کا سفر کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے ان کے وقت اور پیسے کا ضیاع ہوتا ہے ویسے بھی ہمارے پسماندہ علاقوں کے لوگ معاشی طور پر نا آسودہ ہیں ان مشکلوں کی وجہ سے وہ مزید مفلوک الحالی کا شکار ہو رہے ہیں۔ ایڈوکیٹ ملک امجد رضا گجر نے کہا کہ تھل کی ترقی کے لیے تعلیمی اداروں کی بہبود وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہمارے اکثر کالجز میں گزشتہ کئی سالوں سے تدریسی عملہ کی متعدد آسامیاں خالی ہیں علاوہ ازیں عمارات کی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے بھی نونہالان وطن کی تعلیم میں حرج ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحصیل نورپورتھل کا زیادہ تر علاقہ بارانی اور یک فصلی  ہے۔ معاشی ناہمواریوں کی وجہ سے ہمارا کسان مقروض ہے اپنے کسان بھائیوں کی فلاح بھی میری ترجیحات میں شامل ہے۔ ملک امجد رضا گجر نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ علاقہ تھل میں انفراسٹریکچر کی بہتری سمیت دیگر دیرینہ اجتماعی عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ ہمارے علاقے کا شمار بھی ترقی یافتہ علاقوں میں ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر اپنی آنے والی نسلوں کے لیے بہتری لانی ہوگی۔ چیف آرگنائزر تھل ڈویلپمنٹ فورم نے کہا کہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ مختلف علاقوں اور مواضعات کے دوروں کے دوران  میں نے دیکھاہے کہ پڑھے لکھے نوجوان علاقائی ترقی کے لئے وہ جذبہ رکھتے ہیں جس  پر مجھے رشک آتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان میرا ہر اول دستہ ہیں میں ان کی بے پایاں محبتوں کا مقروض ہوں۔ملک امجدرضا گجر نے کہا کہ انشاءاللہ اہلیان تھل ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر اجتماعی سماجی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔

جدیددورکی بنیادی سہولیات کی فراہمی اہلیان تھل کاحق ہے،ملک امجدرضاگجر

Post a Comment

0 Comments

click Here

Recent