Ticker

6/recent/ticker-posts

ترنڈہ سواۓ خان میں مبینہ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات، اہل علاقہ کا تحقیقات کا مطالبہ

Locals demand investigation into alleged corruption and misuse of power in Taranda Sawai Khan

ترنڈہ سواۓ خان میں مبینہ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات، اہل علاقہ کا تحقیقات کا مطالبہ،زرعی زمین، وارہ بندی اور غیر قانونی کھال منظوری کے معاملات پر محکمہ ریونیو کے افسر کے خلاف شکایات سامنے آگئیں

رحیم یار خان (رپورٹ: سردار جام ربنواز) ترنڈہ سواۓ خان میں محکمہ ریونیو کے اہلکار محمد افضل کے خلاف مبینہ کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی اقدامات کے الزامات سامنے آگئے ہیں، جبکہ اہل علاقہ نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقامی زمینداروں کا الزام ہے کہ ضلعدار محمد افضل نے اپنے قریبی ساتھی اور سابقہ پٹواری کے ساتھ مبینہ ملی بھگت کرتے ہوئے جام الطاف بپڑ کی وراثتی زرعی زمین سے غیر قانونی طور پر کھال منظور کروائی۔ متاثرہ زمیندار جام الطاف نے مبینہ غیر قانونی کھال کی منظوری کو معزز عدالت عالیہ میں چیلنج کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہ گڑھ کے رہائشی محمد احمد جٹ نے بھی ضلعدار محمد افضل کے خلاف مبینہ کرپشن اور بدعنوانی کے الزامات پر محکمہ اینٹی کرپشن میں درخواست دائر کر رکھی ہے، جس میں مختلف معاملات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ بستی ملکاں، ترنڈہ نہر موگہ 14147 پر بھی ایک زمیندار سے مبینہ طور پر بھاری رشوت لے کر دیگر فریقین کو اعتماد میں لیے بغیر وارہ بندی منظور کی گئی، جس پر متاثرہ افراد نے شدید احتجاج کیا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ضلعدار افضل کے خلاف اس نوعیت کی متعدد شکایات سامنے آرہی ہیں اور لوگ مبینہ کرپشن، اختیارات کے غلط استعمال اور غیر قانونی اقدامات سے سخت پریشان ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ محکمہ ریونیو میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف کارروائی نہ ہونے سے عوام کا اعتماد متاثر ہو رہا ہے۔
اہل علاقہ نے مریم نواز شریف، ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان اور کمشنر بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف انکوائری کروائی جائے اور اگر الزامات درست ثابت ہوں تو متعلقہ اہلکار کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ میرٹ، شفافیت اور انصاف کو یقینی بنایا جاسکے۔


Post a Comment

0 Comments

Recent