رحیم یارخان(محمدخرم لغاری)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام کشمیر ڈے کے حوالہ سے ضلع میں جاری تقریبات کے تسلسل میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلئے گورنمنٹ گرلز ماڈل ہوئی سکول میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر علی شہزاد تھے۔تقریب میں مختلف سکولوں کے طلباءو طالبات نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو مختلف انداز میں خراج تحسین پیش کیا اور طلباءنے ملی نغموں، ٹیبلوز اور تقاریر کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بچوں کی جانب سے پیش کئے جانے والی ملی نغمے”اب تو آزاد ہے دنیا میں پھر کیوں آزاد نہیں“ کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ سوال ہے جو ہر کشمیری مہذب دنیا کے علمبرداروں سے پوچھ رہا ہے ۔72سالوں سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو بھارت تمام تر کوششوں سے دبا نہیں سکا اور نہ ہی مستقبل میں اسے کامیابی حاصل ہو گی۔انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری عوام کی آزادی کےلئے ہر فورم پر آواز بلند کرنا پاکستانیوں کا فریضہ ہے اور حکومت پاکستان سمیت قوم کی جانب سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی جو تحریک شروع کی گئی ہے اس کی دھمک آج اقوام متحدہ سمیت دنیا بھر میں سنائی دے رہی ہے اور بھارت حکومت و افواج کا مکروہ چہرہ اقوام عالم کے سامنے آ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کی جنگ جیتنے کےلئے ہمیں معاشی طور پر مظبوط قوم بننا ہو گا اور ہمارے بچوں کے حوصلے بلند ہیں آپ نے تعلیمی میدان میں خود کو منوانا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ یوم یکجہتی کشمیر بھر پور انداز سے منا رہی ہے جس کے لئے ضلع بھر میں مختلف پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں۔
0 Comments